وینزویلا کا تیل کی پیداوار بڑھانے کے لیے اے آئی کے استعمال کا اعلان

شیئر کریں

وینزویلا نے تیل اور گیس کی پیداوار کو مزید مؤثر بنانے اور ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ملک نے فوسل فیول کی پیداوار ختم کرنے کے بجائے اسے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وینزویلا کی نائب وزیر برائے مصنوعی ذہانت اور ہائیڈروکاربنز البانیا ڈیل مار ویلارویل گومیز نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک تیل اور گیس کی پیداوار روکنے کا ارادہ نہیں رکھتا بلکہ پیداوار کے دوران ضیاع اور مضر گیسوں کے اخراج میں کمی لانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وینزویلا مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیل اور گیس کے شعبے میں میتھین گیس کے اخراج اور دیگر آلودگی کی نگرانی، گیس لیکیج کی نشاندہی اور تیل کے کنوؤں کے آپریشنز کو بہتر بنانے پر کام کررہا ہے۔

ان کے مطابق وینزویلا کا مؤقف ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فوسل فیول کی پیداوار جاری رکھتے ہوئے اس کے ماحولیاتی اثرات کم کیے جاسکتے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق وینزویلا کا تیل اور گیس کا شعبہ دنیا کے زیادہ آلودگی پھیلانے والے شعبوں میں شمار ہوتا ہے۔ انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق وینزویلا میں تیل کی پیداوار کے دوران میتھین کے اخراج کی شدت عالمی اوسط سے تقریباً 6 گنا زیادہ ہے۔

وینزویلا جنوبی اور وسطی امریکا کا واحد بڑا توانائی پیدا کرنے والا ملک ہے جس نے عالمی میتھین عہد (گلوبل میتھین پلیج) پر دستخط نہیں کیے۔

تیل کی پیداوار بڑھانے کا منصوبہ
وینزویلا کے حکام نے عالمی ماحولیاتی مذاکرات میں اپنے قدرتی وسائل استعمال کرنے کے حق کا دفاع کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کی بحالی کا حصہ قرار دیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق امریکا نے جنوری میں وینزویلا کے سابق رہنما نکولس مادورو کو گرفتار کرلیا تھا، جس کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ملک میں تیل کی پیداوار بڑھانے کی پالیسی پر زور دیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ عالمی ماحولیاتی تعاون سے بھی دوری اختیار کیے ہوئے ہے۔

وینزویلا نے ستمبر میں یومیہ تقریباً 12 لاکھ بیرل تیل پیدا کیا جب کہ یہ اعداد و شمار حکومت نے اوپیک کی اکتوبر کی ماہانہ رپورٹ میں فراہم کیے تھے۔

وینزویلا کی سرکاری آئل کمپنی پی ڈی وی ایس اے نے اگلے سال کے اختتام تک تیل کی یومیہ پیداوار 15 لاکھ بیرل تک پہنچانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

مصنوعی ذہانت کیلئے خصوصی ماڈلز پر توجہ
رائٹرز کے مطابق وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے رواں سال کے آغاز میں وزارتِ ہائیڈروکاربنز کے تحت مصنوعی ذہانت اور ہائیڈروکاربنز میں پیداواری استعداد سے متعلق نائب وزیر کا نیا عہدہ قائم کیا تھا، جس پر البانیا ڈیل مار ویلارویل گومیز کو تعینات کیا گیا۔

ویلارویل گومیز نے بتایا کہ وینزویلا بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے تیار کردہ انتہائی بڑے اور زیادہ توانائی استعمال کرنے والے اے آئی سسٹمز کے بجائے چھوٹے اور مخصوص کاموں کے لیے تیار کردہ ماڈلز پر توجہ دے گا۔

ان کے مطابق میتھین گیس کی نشاندہی، آلودگی کی نگرانی اور تیل کے کنوؤں کے نظام کو بہتر بنانے جیسے کاموں کے لیے زیادہ کمپیوٹنگ پاور کی ضرورت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ان نظاموں کو بجلی فراہم کرنے کے لیے بنیادی طور پر وینزویلا کے پن بجلی کے نظام سے مدد لی جائے گی، جو ان کے مطابق ملک کی تقریباً 80 فیصد بجلی فراہم کرتا ہے۔

غیر ملکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی دلچسپی
وینزویلا کی نائب وزیر نے بتایا کہ متعدد بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ملک میں کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم انہوں نے ان کمپنیوں کے نام بتانے سے گریز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا میں اس حوالے سے کافی دلچسپی موجود ہے تاہم حکومت قومی ڈیٹا کے تحفظ اور ڈیٹا پر ملکی خودمختاری برقرار رکھنے کو ترجیح دے گی۔

دوسری جانب کوپ 31 کے اجلاس میں مختلف ممالک کے درمیان اس معاملے پر اختلافات برقرار ہیں کہ کانفرنس کے حتمی معاہدے میں فوسل فیول سے بتدریج منتقلی کے حوالے سے کیا مؤقف اختیار کیا جائے۔ وینزویلا کا مؤقف ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیل اور گیس کی پیداوار جاری رکھتے ہوئے ماحولیاتی اثرات کو کم کیا جاسکتا ہے۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے